ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مٹھی بھر فسطائی جماعتوں نے خوف اور نفرت کا زہر گھول دیا ہے:احمدبیگ ندوی

مٹھی بھر فسطائی جماعتوں نے خوف اور نفرت کا زہر گھول دیا ہے:احمدبیگ ندوی

Mon, 15 Apr 2019 01:44:48  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی:14 /اپریل(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا) آل انڈیا امامس کونسل کے قومی صدر مولانا محمد احمد بیگ ندوی ، استاد: دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤنے کہاہے کہ : ’’مسلمانوں پرجس طرح مذہب کی حفاظت ضروری ہے ؛ اسی طرح ملک کی حفاظت بھی ضروری ہے ۔ یہ ذمہ داری ہر ہندستانی شہری کی ہے۔ آج مٹھی بھر فسطائی جماعتوں نے ملک کے ماحول میں نفرت اور خوف کا زہر گھول دیا ہے ۔ وہ اقتدار کو اپنی جاگیر سمجھنے لگی ہیں۔ ان کو جواب دینے کا صحیح وقت یہی ہے۔ اپنے ووٹ کا صحیح استعمال کریں۔ یہ ہر ہندستانی کا حق اور اپنے حقوق حاصل کرنے کا بہترین ہتھیار ہے‘‘۔ قومی صدر مولانا محمد احمد بیگ ندوی آل انڈیا امامس کونسل کی جانب سے منعقد ’’موجودہ حالات، تقاضے اور حکمت عملیاں‘‘ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ مولانا بیگ ندوی نے مزید کہا کہ : ’’خواتین اپنے بچوں کی تربیت اگر صحیح ڈھنگ سے کریں گی تو اس طرح کے سنگین حالات کا ہمیں سامنا نہیں کرنا پڑے گا‘‘۔ مولانا ارتدادی سانحہ کی طرف توجہ دلاتے ہوے گوا کے مسلمانوں کو جھنجھوڑتے ہوے فرمایا: ’’اپنی نسلوں اور گوا کے مستقبل کی حفاظت آپ کو خود کرنی پڑے گی۔ کیا آپ سب اس کے لیے تیار ہیں؟۔ آپ کے ساتھ آل انڈیا امامس کونسل ہر حال میں کھڑی رہے گی۔ اگر آپ لوگوں نے ابھی آنکھ نہیں کھولیں اور حالات کو نہیں سمجھے تو پھر ’’لمحوں نے خطا کی تھی صدیوں نے سزا پائی‘‘ کے مصداق بن جائیں گے‘‘۔کونسل کے قومی ناظم عمومی اور قومی ترجمان مفتی حنیف احرار سوپولوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ :’’جرم اور مجرم کی حمایت کرنے والی تنظیم اور پارٹی کبھی کسی کی خیرخوا ہ نہیں ہو سکتی ہے۔ بی جے پی صرف اقتدار چاہتی ہے ، عوام کی بھلائی نہیں۔ آنے والا وقت ہندستانی عوام کے لیے کتنا خطرناک ہے ، اس کا اندازہ پانچ سالہ بی جے پی دورِ حکومت کی ملک و عوام مخالف سرگرمیوں سے لگایا جا سکتا ہے ‘‘۔ مفتی حنیف احرار قاسمی نے 2019 کے آنے والے الیکشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ : ’’اس وقت ووٹ کی طاقت کا صحیح استعمال مستقبل کے خطرات کو روکنے کے لیے نہایت اہم ہے ؛ اس لیے بی جے پی کے علاوہ جو بھی سیکولر پارٹی جیتنے والی ہو، اس کو اپنا ووٹ ڈالیں‘‘۔ قومی ناظم عمومی نے مزید کہا کہ : ’’جن حالات کا آج ہمیں سامنا ہے ، ہم سے پہلی قوموں کے ساتھ بھی اس طرح کے حالات پیش آچکے ہیں؛ اس لیے ہمیں مایوس اور ناامید ہونے کی بجائے حوصلے اور ثابت قدمی کے ساتھ عوام کو ظلم سے بچانے اور مظلوموں کو انصاف دلانے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا‘‘۔پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی صدر جناب سید افتیاز نے کہا کہ :’’ہمارا اتحاد ہی فسطائی جماعتوں کا صحیح جواب ہے۔ اپنے تمام مسلکی مسائل کو اپنے پاس رکھتے ہوے قومی اور ملکی مسائل میں متحد ہو کر آواز اُٹھانی پڑے گی۔ جب تک ہم آر ایس ایس اور بی جے پی کو اقتدار سے نکال نہیں دیتے ہمیں چین سے نہیں بیٹھنا ہے‘‘۔ پروگرام کا آغاز قرآن کی تلاوت سے ہوا۔اس کے بعد آل انڈیا امامس کونسل گوا کے ریاستی صدر مفتی نور محمد قاسمی نے افتتاحی خطاب فرمایا۔ اظہارِ تشکر کونسل کے ریاستی جنرل سکریٹری مولانا محمد یونس صاحب نے پیش کیا، جب کہ نظامت کے فرائض مولانا عرفان قاسمی نے ادا کیے۔ اسٹیج پر جمعیۃ علماء ہند گوا کے صدر مولانا عبدالسمیع مظاہری، پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ریاستی صدر سید افتیاز، مسجد بلال کمیٹی کے صدر جناب شکیل صاحب اور جامعۃ المعارف کے مہتمم مولانا صلاح الدین صاحب موجود تھے۔ پروگرام میں مختلف تنظیموں، اداروں ، مدرسوں کے ذمہ داران اور سماجی کارکنوں کے ساتھ کثیر تعداد میں عوام اور خواتین نے شرکت کیں۔ آخر میں مولانا صلاح الدین صاحب کی دعا پر پروگرام اختتام پذیرہوا۔


Share: